امتحان میں فیل ہونے پر لڑکی نے والدین کے ڈر سے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچا دیا

بھارتی شہر اندور کی ایک نوعمر لڑکی نے امتحانات میں فیل ہونے کے بعد اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچالیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 سالہ لڑکی نے بیچلر آف آرٹس (بی اے) کے پہلے سال کے امتحانات دیے جس میں وہ فیل ہوگئی جس کے بعد اس نے یہ ڈرامہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق لڑکی کے والد کی مدعیت میں پولیس نے ایف آئی آر درج کی، لڑکی کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو کالج سے اغوا کرلیا گیا ہے، انہیں بیٹی کی ایک اجنبی نمبر سے فون کال موصول ہوئی تھی جس میں بیٹی نے بتایا کہ اسے اغوا کرلیا گیا ہے۔

لڑکی نے فون پر بتایا کہ جس رکشہ میں وہ سوار تھی اس کا ڈرائیور اسے ایک ویران جگہ پر لے گیا اور اس کے منہ پر کپڑا ڈال دیا جس سے وہ بے ہوش ہوگئی، بعدازاں جب سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی گئی تو پتا چلا کہ لڑکی جھوٹ بول رہی ہے۔

اس دوران پولیس کو اُجین کے ایک ریسٹورینٹ میں اکیلی بیٹھی لڑکی کے بارے میں اطلاع ملی اور اس کی تصویر شکایت کنندہ کی فراہم کردہ تصویر سے ملتی جلتی تھی، پولیس نے بروقت کارروائی کی تو پتا چلا مذکورہ لڑکی وہی تھی، لڑکی کو بعد میں اندور لایا گیا اور اس کا بیگ چیک کیا گیا جس میں سے اس کی مارک شیٹ نکلی۔

بعدازاں لڑکی کو والدین کے حوالے کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں