کیا آپ نے کبھی ایسا گھر دیکھا ہے کہ جس کے اندر ایک اور گھر موجود ہو؟ یقین رکنا مشکل ہوگا مگر یورپی ملک کروشیا کے قصبے بول میں ایسا ہی ایک گھر موجود ہے۔
پہلی نظر میں تو یہ قدیم گھر کچھ خاص محسوس نہیں ہوتا بلکہ کھنڈر محسوس ہوتا ہے۔
مگر جب آپ اس کے اندر داخل ہوتے ہیں تو جب احساس ہوتا ہے کہ اس کے اندر تو ایک اور گھر چھپا ہوا ہے۔
اوپر سے دیکھا جائے تو ایک چھوٹا گھر ایک بڑے اور نامکمل گھر کے اندر ‘پھنسا’ ہوا نظر آتا ہے۔
کسی کو معلوم نہیں کہ ایک گھر کے اندر دوسرا گھر کیوں موجود ہے مگر اس حوالے سے ایک کہانی مقامی طورپر بہت مقبول ہے۔
ایسا اس وقت ہوا جب ایک ہٹ دھرم فرد نے اپنا گھر فروخت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
اس کہانی کے مطابق 19 ویں صدی کے آخر میں ایک قابل احترام اور دولت مند Vukovic خاندان نے اس قصبے میں ایک پرتعیش محل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے قصبے میں زمین خریدنا شروع کی اور ہر پلاٹ کے لیے مارکیٹ کے مقابلے میں زیادہ قیمت کی پیشکش کی۔
مقامی افراد نے خوشی خوشی اپنی زمینں فروخت کی مگر مارکو نامی شخص نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔
Vukovic خاندان کی تمام تر کوششوں کے باوجود مارکو اپنے فیصلے پر ڈٹا رہا تو اس خاندان نے اسے مجبور کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مارکو کے گھر کے اردگرد اپنے محل کی تعمیر شروع کی۔
یہ محل اس گھر سے محض چند میٹر دور تعمیر کیا جا رہا تھا اور انہیں توقع تھی کہ بتدریج مارکو مجبور ہوکر اپنا گھر فروخت کر دے گا۔
مگر اس دوران Vukovic خاندان کے 3 بھائی سمندر میں اس وقت ڈوب گئے جب وہ محل کی تعمیر کے لیے سامان خریدنے جا رہے تھے جس کے باعث منصوبے پر کام رک گیا۔
مارکو اس گھر کے اندر موجود اپنے گھر میں رہائش برقرار رکھی۔
اب یہ کہنا تو ممکن نہیں کہ اس کہانی میں کتنی صداقت ہے، مگر ایک بات تو یقینی ہے کہ یہ عجیب تعمیراتی عجوبہ اب بھی اس علاقے میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے










