ندیم عمر مسلسل تیسری مرتبہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے

کراچی: پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سربراہ ندیم عمر ایک بار پھر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے۔

ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے انتخابات میں ندیم عمر پینل نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 15 ووٹ اپنے نام کر لیے۔

صدارتی امیدوار ندیم عمر نے 15 ووٹ حاصل کرکے آئندہ 3 سال کے لیے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ندیم عمر نے مسلسل تیسری مرتبہ صدارتی انتخاب جیت کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔

اسی طرح سیکرٹری کے امیدوار علی حسین بھی 15 ووٹ حاصل کرکے آئندہ تین سال کے لیے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے سیکرٹری منتخب ہوگئے۔

انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد صدر منتخب ہونے والے ندیم عمر اور سیکرٹری علی حسین نے 15 ووٹرز، کلب نمائندوں اور اپنے پینل کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کراچی کرکٹ کی ترقی، شفافیت، میرٹ، باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی سرپرستی اور گراس روٹ سطح پر کرکٹ کے فروغ کے لیے بھرپور انداز میں کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر کراچی کی کرکٹ کو مزید مضبوط، منظم اور فعال بنایا جائے گا۔

اس موقع پر ندیم عمر نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ان کی نہیں بلکہ کراچی کرکٹ سے وابستہ تمام کلبوں اور کرکٹ سے محبت کرنے والوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں