بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کا ایک پرانا مزاحیہ تبصرہ عامر خان کی تیسری شادی کے بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
دی کپل شرما شو میں گفتگو کے دوران میزبان کپل شرما نے سلمان خان سے کہا تھا کہ عامر خان نے اپنی گرل فرینڈ سے سب کو متعارف کروا دیا ہے جب کہ آپ ان سے صرف 6 ماہ چھوٹے ہیں مگر وہ رُک نہیں رہے اور آپ ابھی تک شادی نہیں کررہے۔
اس پر سلمان نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا تھا دیکھو، عامر کی بات ہی کچھ اور ہے، وہ ایک بہترین شخصیت ہیں اور پوری دنیا جانتی ہے کہ وہ پرفیکشنسٹ ہیں، جب تک وہ شادی کو بالکل پرفیکٹ نہیں کر لیتے، وہ شادیاں کرتے رہیں گے۔
عامر خان کی حالیہ شادی کے بعد سلمان خان کا یہ پرانا جملہ دوبارہ سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے اور مداح اسے دلچسپی سے شیئر کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ عامر خان نے اتوار کے روز ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ایک سادہ اور نجی تقریب میں گوری سپراٹ سے شادی کی جس کی تصاویر اور چند ویڈیوز بھی سامنے آگئی ہیں۔










