مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ہفتے کے روز ملک کے نئے اسٹریٹجک کمانڈ ہیڈکوارٹر کا افتتاح کر دیا جسے آٹھ باہم جڑی ہوئی عمارتوں کے باعث ’آکٹاگون‘ (Octagon) کا نام دیا گیا ہے۔
یہ وسیع و عریض کمپلیکس قاہرہ سے تقریباً 45 کلومیٹر مشرق میں واقع مصر کے نئے انتظامی دارالحکومت ’نیو ایڈمنسٹریٹو کیپیٹل‘ کے مرکز میں قائم کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں مصری صدر اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر عبد الفتاح السیسی نے کہا کہ یہ منصوبہ کمانڈ، کنٹرول اور آپریشنز مینجمنٹ کے نظام میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔
مصری حکام کے مطابق آکٹاگون دنیا کا سب سے بڑا مکمل تعمیر شدہ فوجی اور قومی سلامتی کا ہیڈکوارٹر ہے جس کا مجموعی قابل استعمال رقبہ تقریباً 47 لاکھ مربع میٹر جبکہ کل اراضی 22 ہزار ایکڑ ہے۔
حکام کے مطابق آکٹاگون مشرقِ وسطیٰ کا سب سے بڑا دفاعی ہیڈکوارٹر ہوگا، جہاں کمانڈ، کنٹرول، مواصلات اور مصنوعی ذہانت کے نظام کو یکجا کیا گیا ہے، تاہم اس منصوبے کی لاگت کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔










