نئی دہلی: مودی سرکار نے متنازع بھارتی ترانے وندے ماترم کی توہین پر 3 سال قید کا قانون لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارت کی مودی حکومت نے متنازع قومی گیت وندے ماترم کی توہین کو قابلِ سزا جرم قرار دینے کے لیے نیا قانون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا بل بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کل پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔
مجوزہ قانون کے تحت وندے ماترم گائے جانے کے دوران جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالنے پر 3 سال تک قید کی سزا اور جرمانہ ہوسکے گا۔
واضح رہے وندے ماترم کو بھارت کے قومی ترانے کی حیثیت حاصل نہیں، تاہم اسے قومی گیت قرار دیا جاتا ہے۔
بھارت کا قومی ترانہ جن گن من ہے، لیکن بھارت کی مودی سرکار اب وندے ماترم کے لیے بھی قانونی تحفظ کی خواہش مند ہے۔
قیامِ پاکستان سے پہلے مسلمانوں کی جانب سے وندے ماترم کی بھی مخالفت کی گئی تھی کیوں کہ اس کے بعض الفاظ کو مسلمان اپنے مذہبی عقائد کے خلاف سمجھتے تھے۔










