ایپل کو آئی فونز ، آئی پیڈز اور میک کمپیوٹر ڈیوائسز کے لیے جانا جاتا ہے مگر بہت جلد یہ کمپنی ایک نئی ڈیوائس کو پیش کرنے والی ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران ایپل کے 2 اہم ترین عہدیداران نے عندیہ دیا کہ یہ ٹیکنالوجی کمپنی اسمارٹ گلاسز پر کام کر رہی ہے۔
ویسے تو ایپل کے اسمارٹ گلاسز کے بارے میں افواہیں کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں مگر کمپنی کی جانب سے پہلی بار اس کا مبہم عندیہ دیا گیا۔
ایپل کے ورلڈ وائیڈ مارکیٹنگ شعبے کے سنیئر نائب صدر گریگ جوزویک اور ہارڈوئیر شعبے کے شنیئر نائب صدر جان ٹرنس نے انٹرویو کے دوران مختلف موضوعات پر بات کی۔
اس دوران ایک موقع پر جب ان سے اسمارٹ گلاسز کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈیوائسز مستقبل میں ناگزیر ہوں گی۔
انہوں نے مزید وضاحت نہیں کی اور بس یہ کہا کہ ہم اس حوالے سے کوئی ٹائم لائن نہیں دے سکتے کہ اسمارٹ گلاسز کب تک تیار ہو جائیں گے، مگر مستقبل قریب میں ان کا وجود ناگزیر ہوگا۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب کچھ دن قبل ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے میٹا رے بین اسمارٹ گلاسز کے مقابلے پر اپنے اسمارٹ گلاسز تیار کیے جا رہے ہیں جن کو این 50 کا کوڈ نام دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان اسمارٹ گلاسز کی 4 مختلف اسٹائلز میں آزمائش کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل مئی 2025 میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کمپنی نے ایسی چپ کی تیاری میں پیشرفت کی ہے جو اس کے اولین اسمارٹ گلاسز کو پاور فراہم کرے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ چپ کی تیاری میں پیشرفت سے کمپنی کے اندر اسمارٹ گلاسز پر کام بھی تیز ہو جائے گا اور امکان ہے کہ اس نئی ڈیوائس کی پروڈکشن 2027 کے آخر تک شروع ہو جائے گی۔
یہ مکمل طور پر اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) گلاسز نہیں ہوں گے جس کے بارے میں افواہیں کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں بلکہ ان کو میٹا کے رے بین گلاسز کے مقابلے کے لیے پیش کیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان گلاسز میں ایسے کیمرے استعمال کیے جائیں گے جو اردگرد کے ماحول کو اسکین کرسکیں گے جبکہ صارفین کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے معاونت فراہم کی جائے گی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک اسمارٹ گلاسز کی مارکیٹ میں میٹا کو شکست دینا چاہتے ہیں۔
اسی وجہ سے کمپنی کی جانب سے مختلف ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین ان کی جانب متوجہ ہوسکیں اور قیمت کو بھی مناسب رکھا جائے گا۔










