اسلام آباد: حکومت کی جانب سے ایندھن کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ متوقع ہے، نئے نظام کے تحت اوگرا روزانہ رات کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں طے کرے گا۔
حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ایک نیا طریقہ کار متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت قیمتوں کے حتمی تعین میں حکومت کا اپنا کردار نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اس مجوزہ نظام کے تحت، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ہر رات موٹر اسپرٹ (ایم ایس/پیٹرول)، ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی)، لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او)، اور مٹی کے تیل (کے او) کی قیمتوں کا تعین کرنے کی واحد ذمہ دار ہوگی، اور یہ تبدیل شدہ قیمتیں روزانہ رات 12 بجے سے لاگو ہوں گی۔










