بھارت پورے خطے بالخصوص پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے: سکیورٹی ذرائع

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے پورے خطے بالخصوص پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے پر لگا ہوا ہے۔

میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کی بھارت کے موضوع پر اہم نشست ہوئی جہاں خطے کی صورتحال خصوصاً بھارت کی پاکستان کے خلاف سرگرمیوں پر گفتگو کی گئی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی قیادت زمینی حقائق تسلیم کرنے سے گریزاں ہے، بھارت ایک ہندوتوا زدہ ناکام ریاست ہے تاہم اسے اپنے آپ کو بڑا دکھانےکی عادت ہو چکی ہے، بھارتی ریاست کی ناکامی کی وجوہات بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور مذہبی شدت پسندی ہے جبکہ اکھنڈ بھارت کا غیر حقیقی خواب اس کے توسیع پسندانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوتوا نظریے نے بھارت کے سیکولر چہرے کو مسخ کردیا ہے، بھارت کی فوج بی جے پی کی متشدد اور مذہبی سیاست کی نذر ہو چکی ہے، تقسیم شدہ معاشرہ کی موجودگی میں بھارت کے شائنگ انڈیا ہونے کا نعرہ محض ایک ڈھکوسلا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی ریاست درحقیقت ایک پولیس اسٹیٹ کا نام ہے جس میں آزادی اظہار رائے اور صحافت کو ریاستی کنٹرول میں رکھا جاتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے دنیا کا اگلا سب سے بڑا قتلِ عام بھارت میں ہونے کا خدشہ ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، اس قتل عام کی شدت غزہ اور فلسطین سے بھی بڑھ کر ہو گی۔

سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ہندوستان میں پائی جانے والی تفریق اور اقلیتوں پر ہونے والے ظلم و ستم ہندوستان کی مزید تقسیم کا شاخسانہ بنیں گے، ہندوتوا کے پیروکار یہ سمجھتے ہی نہیں ہیں کہ مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو بھی جینے کا حق ہے، بھارت کے مسلمانوں کے لیے زندہ رہنے کی پہلی شرط ہندوتوا سوچ کے سامنے اپنی وفاداری کا ثبوت دینا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے عوام دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی میں محصور ہیں جہاں ہر 7 سے 8 فرد پر ایک فوجی اہلکار تعینات ہے، بھارت آزادی کی تحریکوں کو چھپانےکیلئے پاکستان کا نام لے کر مختلف فالس فلیگ کا ڈھونگ رچاتا ہے جس کا مقصد دنیا کی توجہ بھی ہٹانا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارتی جنونیت اور اجارہ داری ایک مضبوط، خوشحال اور معتدل پاکستان کو اپنے لیے خطرہ سمجھتی ہے، پاکستان کے استحکام اور ترقی کو ہندوتوا کے پیروکار اپنی موت سمجھتے ہیں اسی وجہ سے بھارتی میڈیا اور سیاست دونوں پاکستان اور پاکستان کی افواج کے بارے میں بیانیہ بنانے میں الجھے رہتے ہیں، ریاست پاکستان اور اس کی عوام بھارت سے نہ کبھی مرعوب تھے اور نہ ہی کبھی ہونگے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی سرکردہ لیڈر شپ بھارتی ایجنڈے پرعمل پیراہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں