پی آئی اےکی ملکیت باضابطہ طور پر نئے مالکان کو منتقل کردی گئی

قومی ائیرلائن (پی آئی اے) کی ملکیت باضابطہ طور پر نئے مالکان کو منتقل کر دی گئی، عارف حبیب کنسورشیم کے ذیلی ادارے پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے آج سے ائیرلائن کا انتظامی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

پی آئی اے کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے، نئی انتظامیہ نے پیر 29 جون 2026 سے ائیرلائن کا انتظام سنبھال لیا ہے۔

پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے 180 ارب روپے میں پی آئی اے کی ملکیت حاصل کی ہے جس میں 55 ارب حکومت پاکستان کو حاصل ہوں گے جب کہ 125 ارب روپے کی پی آئی اے میں سرمایہ کاری کی جائےگی۔

نئی سرمایہ کاری ائیرلائن میں آپریشنل اصلاحات، فضائی بیڑےکو جدید بنانے، نئے روٹس کے آغاز، ادارےکو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے اور پراڈکٹ کے معیار کو بہتر بنانے پر خرچ ہوگی۔

اس موقع پر چئیرمین پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نےکہا کہ ہم پی آئی اے کے درخشاں ورثےکا احترام کرتے ہوئے اسے ایک جدید عالمی معیار کی ائیرلائن بنائیں گے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انوار علی حیدر پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کے پہلے چئیرمین بنائے گئے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے معاہدے کی پہلی مالی تکمیل کامیابی سے مکمل ہوگئی ہے، الحمدللہ! آج پاکستان کے معاشی اصلاحات کے سفر میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور ہوا ، سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نےکہا کہ انتظامی کنٹرول کنسورشیم کو منتقل ہونےکے ساتھ ہی فضائی کمپنی کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا۔ نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سراہتا ہوں، مشیرنجکاری محمد علی، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور نجکاری کمیشن کی کوششوں کو سراہتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں