اسلام آباد: وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 1845افراد کو 5 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کردیے گئے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو بتایاگیا ہے کہ آئندہ 4 برسوں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے رعایتی قرضے فراہم کیےجائیں گے، اس سلسلے میں موصول ہونے والی25304 درخواستوں میں سے 8990 درخواستیں منظورہو چکی ہیں جن کے قرضوں کی مالیت 37 ارب روپے سے زائد ہے۔
وفاقی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور سیکرٹری قانون و انصاف نے ارکانِ کمیٹی کو ’ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام‘ کے نفاذ کے فریم ورک اور ہاؤسنگ فنانس و فورکلوژر قوانین سے متعلق مجوزہ اصلاحات پر بریفنگ دی۔
سیکرٹری وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے اپنی پریزنٹیشن میں بتایا کہ ’ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ‘ ایک سبسڈی شدہ ہاؤسنگ فنانس اسکیم ہے، اس کے تحت پہلی بار گھر خریدنے والوں کو ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا جس پر مقررہ مارک اپ ریٹ 5 فیصد ہےاور ادائیگی کی مدت 20 سال رکھی گئی ہے جب کہ فنانسنگ کا تناسب 90:10 ہے۔
وزارت ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ بینکوں کے خدشات کم کرنے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنے اور مارگیج فنانس سیکٹر کی پائیدار ترقی کے لیے فورکلوژر اور ریکوری قوانین میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔
کمیٹی نے کہا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کا شعبہ بدستور شدید حد تک غیر ترقی یافتہ ہے اور اس کے لیے ساختی اصلاحات، بہتر فورکلوژر و ریکوری قوانین، اور ایک سازگار ریگولیٹری ماحول کی ضرورت ہے تاکہ بینک اور مالی ادارے مارگیج قرضوں میں اضافہ کر سکیں۔










