محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں دن کے وقت مطلع صاف اور موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جب کہ رات میں کم سے کم درجہ حرارت 29ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، اس وقت مغرب سے 11کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے: محکمہ موسمیات
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم،شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، 3 مئی تک سندھ کے وسطی اور بالائی علاقے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جامشورو، دادو، شہید بینظیرآباد، گھوٹکی اور سانگھڑ میں بھی درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ خیرپور، نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج رات ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہوسکتا ہے، ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے کل تک سندھ کے بالائی علاقوں میں گرد آلود تیزہوائیں اور گرج چمک ہوسکتی ہے،سندھ کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اوربوندا باندی کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کے زیراثر سندھ میں گرمی کی شدت میں کچھ کمی آئےگی جبکہ 5 مئی کے بعد گرمی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوسکتا ہے۔










