اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ججز کی ٹرانسفر کے بعد سنیارٹی لسٹ تبدیل ہو گئی۔
ہائیکورٹ کی سنیارٹی لسٹ تبدیل ہونے کے بعد جسٹس سردار اعجاز اسحاق چیف جسٹس کے بعد سینیئر ترین جج بن گئے۔
آئندہ ہفتے کیسز کیلئے نیا ججز ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق چار مئی سے 7 سنگل اور چار ڈویژن بینچ کیسز کی سماعت کریں گے۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ٹیکس کیسز کا اسپیشل ڈویژن بینچ تشکیل دیا گیا ہے جبکہ جسٹس محمد آصف چیف جسٹس سمیت دو ججز کے ساتھ دو مختلف ڈویژن بینچز کا حصہ ہوں گے۔
جسٹس محمد آصف کرمنل اور دیگر کیسز کے ڈویژن بینچز میں کیسز سنیں گے۔ پہلا ڈویژن بینچ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ہوگا جبکہ دوسرا ڈویژن بینچ جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ہوگا۔
تیسرا ڈویژن بینچ جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ہوگا اور چوتھا ڈویژن بینچ جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس راجا انعام امین منہاس پر مشتمل ہے۔
نیا ججز ڈیوٹی روسٹر چار مئی سے تا حکم ثانی برقرار رہے گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ہی اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 ججز کا مختلف ہائیکورٹس میں تبادلہ ہوا ہے۔
وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی کا تبادلہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور ہائیکورٹ، جسٹس بابر ستار کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے پشاور ہائیکورٹ جبکہ جسٹس ثمن رفعت امتیاز کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے سندھ ہائیکورٹ تبادلہ کیا گیا۔










