محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتراضلاع میں آج موسم گرم، شدید گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج سے 3 مئی تک سندھ کے وسطی اوربالائی علاقوں میں ہیٹ ویو کا امکان ہے، جامشورو، دادو، شہید بینظیرآباد میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ گھوٹکی اور سانگھڑ میں بھی درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ خیرپور،نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات نے احتیاطی تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ گرمی کی لہرکے باعث عوام بالخصوص بچے، خواتین اوربزرگ احتیاط کریں، شہری دن کے اوقات میں سورج کی براہِ راست تپش سے بچیں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کاشتکار گندم کی فصل کے معاملات موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں، جانوروں کوبھی گرم موسم سے محفوظ رکھنے کے اقدامات ضروری ہیں۔
کراچی میں آئندہ تین روز موسم گرم رہنے کا امکان
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں آئندہ تین روز موسم گرم رہنے کا امکان ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، بدھ کو درجہ حرارت 36 اورجمعرات کو 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔










