کراچی میں پولیس نے ایرانی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران کروڑوں مالیت کی ایرانی کرنسی برآمد کر لی گئی اور 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 236 بنڈلز پر مشتمل 23.6 ارب ایرانی ریال برآمد ہوئے ہیں جس سے ایک بڑے اسمگلنگ نیٹ ورک کے بے نقاب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں مبینہ طور پر سی ٹی ڈی بلوچستان کا ایک اہلکار بھی شامل ہے جس کی اسناد کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
حکام نے بتایاکہ کارروائی کے دوران دو گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا نے اس کامیاب کارروائی کو بین الصوبائی کرنسی اسمگلنگ کے خلاف بڑی پیش رفت قرار دیااور کہا گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق کیس کو ایف آئی اے کے کمرشل بینکنگ سرکل کے حوالے کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے اور قانون کے مطابق مزید تحقیقات کیلئے کیس ایف آئی اے کو منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔










