کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ لیاری کو پیرس بنانے کا وعدہ پیپلز پارٹی 18 سال سے کرتی آ رہی ہے لیکن وہاں آنے والا ہر پیکیج کرپشن کا دھندا ہے۔
لیاری آٹھ چوک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ ناصر حسین شاہ نے لیاری ٹرانسمیشن پروجیکٹ کا اعلان کیا، لیاری کی سڑکیں بنانے کا کہا اور ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ سیوریج کا نظام ٹھیک ہوگا اور علاقے میں صاف پانی آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سارے وعدے پیپلزپارٹی 18 سال سے کرتی آرہی ہے، لیاری کو پیرس بنانے کا وعدہ بھی 18 سال سے کیا جا رہا ہے، یہاں ہر آنے والا پیکیج کرپشن کا دھندا ہے۔
منعم ظفر نے یہ بھی کہا کہ لیاری ٹاؤن پیپلز پارٹی کے پاس ہے، لیاری کی ہر یونین کونسل کو دو دو کروڑ روپے پی پی نے دلوائے، 13 یونین کونسلز ہیں جنہیں 2 سال میں 52 کروڑ دیے گئے۔
امیرجماعت اسلامی کراچی نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ 3 سالوں سے لیاری میں ٹاؤن نے کیا کام کیا یا پھر بلدیاتی وزیر نے کیا کام کیا؟ لیاری کی عوام کے ساتھ دھوکا کیا جاتا ہے، لیاری آج بھی پتھر کے دور میں ہے۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ ‘حق دو لیاری کی عوام کو’ کے نام سے مہم شروع کرنے جا رہے ہیں۔










