پاکستان پورے خطے میں تجارت کا دروازہ ہے، چیئرمین سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل

سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کا کہنا ہے کہ پاکستان پورے خطے میں تجارت کا دروازہ ہے، پاکستان سیاحت سے متعلق بھی بہت اہم ہے۔

سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں 30 رکنی وفد نے کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ اور سعودی وفد نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اسپیشل اکنامک زونز میں سعودی سرمایہ کاروں کو شرکت کی دعوت دی اور ماہی گیری اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کی پیشکش بھی کی۔

اس موقع پر خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نےکہا کہ سندھ پاکستان کی معاشی ترقی کا گیٹ وے بننےکو تیار ہے، سرمایہ کار دوست ماحول سندھ حکومت کی ترجیح ہے، سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری خطے کے معاشی مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے، سندھ حکومت سعودی وژن 2030 کے اہداف سے مکمل ہم آہنگ ہے۔

اس موقع پر سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نےکہا کہ کراچی پورٹ سٹی ہے، یہاں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں، حکومت سندھ نے سرمایہ کاری کے لیے دروزے کھول دیے ہیں، ہر شعبے میں ذیلی کمیٹی قائم کرکے سرمایہ کاری کا آغاز کیا جائےگا۔

سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کا کہنا تھا کہ ہمارےساتھ تمام شعبوں کے سرمایہ کار آئے ہیں اور سرمایہ کاری کریں گے، ہماری کونسل نئی نہیں، ہم دوطرفہ تجارت کرتے ہیں، پاکستان پورے خطے میں تجارت کا دروازہ ہے، پاکستان سیاحت سے متعلق بھی بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نجکاری کر رہا ہے، ہم اسے اپنے لیے ایک موقع سمجھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں