ورک فرام ہوم کرتے ہیں؟ تو یہ ملک نئے سال میں آپ کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہے

کیا آپ کسی کمپنی کے لیے ورک فرام ہوم کر رہے ہیں، تو کیا کسی اور ملک میں منتقل ہونا پسند کریں گے؟

اگر ہاں تو ایشیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل جنوبی کوریا آپ کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ ورک فرام ہوم بیشتر افراد کی زندگی کا معمول بنتا جارہا ہے یعنی دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی، تو وہ اپنے کام کے ساتھ دنیا کو دیکھنے کو بھی کوشش کررہے ہیں۔

ایسے افراد کے لیے ڈیجیٹل نوماڈ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

جنوبی کوریا کی جانب سے یکم جنوری 2024 سے ڈیجیٹل نوماڈ ویزا جاری کیے جا رہے ہیں۔

اس ویزا پروگرام کے تحت غیر ملکیوں کو 2 سال تک جنوبی کوریا میں قیام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

کورین وزارت انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غیر ملکی شہریوں کے لیے نیا ڈیجیٹل ویزا متعارف کرایا جا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ابھی ورک فرام ہوم کرنے والے افراد کو کوریا آنے کے لیے ٹورسٹ ویزا جاری کیا جاتا ہے، مگر اس نئے نظام کے تحت ایسے افراد کو زیادہ لمبے عرصے تک کورین سرزمین پر رہتے ہوئے کام کرنے کی سہولت ملے گی۔

اس پروگرام کی چند شرائط بھی ہیں۔

ورک فرام ہوم کرنے والے افراد کیلئے اس یورپی ملک کے رہائشی ویزا کا حصول آسان ہوگیا

خواہشمند افراد کو اپنے ممالک میں جنوبی کورین سفارتخانے میں دستاویزات جمع کراکے ثابت کرنا ہوگا کہ ان کی سالانہ آمدنی 84 ہزار 400 ڈالرز ہے۔

درخواست گزار کو ایسے دستاویزات بھی جمع کرانا ہوں گے جن سے ان کی ملازمت کی تصدیق ہو۔

اسی طرح خواہشمند افراد کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہ ہونا بھی ضروری ہوگا۔

ان افراد کو پرائیویٹ ہیلتھ انشورنس بھی کرانا ہوگا اور کم از کم عمر 18 سال رکھی گئی ہے۔

امیدواروں کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ وہ موجودہ ملازمت کو کم از کم ایک سال سے کر رہے ہیں۔

ویزا کے اجرا کے بعد ان افراد کو شریک حیات اور 18 سال سے کم عمر بچے ساتھ لانے کی اجازت بھی ہوگی۔

ویزا حاصل کرنے والے افراد کو ابتدائی طور پر ایک سال تک کوریا میں قیام کی اجازت دی جائے گی مگر اس میں مزید ایک سال کی توسیع کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

مگر اس ویزا پروگرام کے تحت کوریا آنے والوں کو وہاں کی کسی کمپنی میں ملازمت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں