اسلام آباد: وزیراعظم نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان سے جانیوالے صحافیوں کیلئے فنڈ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کوڈ ڈیجیٹل ریپازٹری آف فیڈرل لاز موبائل ایپ اور ویب سائٹ کا بھی اجرا کردیا۔
اسلام آباد میں صحافیوں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم نے اس موبائل ایپلی کیشن اور ویب سائٹ کو لانچ کیا۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے بتایا کہ اس پورٹل سے پاکستانی آئینی دفعات سے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں، اس پورٹل سے ججز، وکلا، قانونی ماہرین، قانون کے طالبعلم، حکومتی اہلکار اور عوام بھی مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ورکنگ جرنلسٹس کو صحت بیمہ کارڈ دیاجارہا ہے ، ورکنگ جرنلسٹ فرض کی ادائیگی میں مشکل چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہیں، صحافت کے میدان میں یہ انقلابی اقدام ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تنقید اگر حقائق کی بنیاد پر مبنی ہو تو اسپیشل برانچ کی رپورٹ سے زیادہ مفید ہوتی ہے، درست تنقید سے مدد ملتی ہے جب کہ حقائق کے برعکس تنقید سے بگاڑ ہوتاہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فرض کی ادائیگی کے دوران زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے صحافیوں کے لیے فنڈکے قیام کا اعلان بھی کیا، اس خصوصی فنڈ سے صحافی کے اہلخانہ کو 40 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔










