پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی۔
پی سی بی کے مطابق جدید بولنگ مشین کھلاڑیوں کو میچ جیسی پریکٹس فراہم کرے گی، بولنگ مشین کے ذریعے بیٹرز جدید انداز میں اپنی تیاری کر سکیں گے۔
جدید مشین کے فرنٹ اسکرین پر بولر کی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اینیمیشن دکھائی دیتی ہے، بیٹرز کو بولر کے ایکشن، ریلیز پوائنٹ اور ٹائمنگ کو سمجھنے میں مدد ملے گی، مشین میں لائن، لینتھ، سپیڈ، سوئنگ اور ہائٹ کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔
پی سی بی کے مطابق کوچز اور کھلاڑی انفرادی گیندیں، اوورز اور اسپیلز بھی محفوظ کر سکتے ہیں، محفوظ کیے گئے اوورز اور سپیلز کو میچ جیسی صورتحال بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا بتانا ہے کہ ٹرو مین 3 جدید ترین ٹیکنالوجی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ یہ مشین استعمال کرنے والا پہلا کرکٹ بورڈ ہے، روایتی بولنگ مشینز میں بیٹرز کے لیے ریلیز پوائنٹ کو سمجھنا مشکل ہوتا ہے۔
عاقب جاوید کے مطابق اس مشین سے بیٹر بولر کی ویڈیو دیکھ کر اپنی تیاری بہتر کر سکتا ہے، یہ مشین کھلاڑی کو میچ صورتحال کے قریب تر تیاری میں مدد دیتی ہے۔
سلمان علی آغا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ مشین ہمیں جدید کرکٹ کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں مدد دیتی ہے، گیند ایکشن کے ساتھ آتی ہے، اس لیے ٹائمنگ میچ جیسی رکھنی پڑتی ہے، یہ ٹیکنالوجی بیٹرز کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی، مستقبل میں کھلاڑی اس مشین سے مزید فائدہ اٹھائیں گے۔










