فیفا ورلڈکپ راؤنڈ آف 32: پیراگوئے نے 4 بار کے عالمی چیمپئن جرمنی کو ہراکر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

فیفا ورلڈکپ کے راؤنڈ آف 32 کے ناک آؤٹ میچ میں پیراگوئے نے 4 بار کی عالمی چیمپئن ٹیم جرمنی کو ہراکر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

بوسٹن میں کھیلا گیا میچ مقررہ اور اضافی وقت میں ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ پھر میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے سڈن ڈیتھ سیشن میں ہوا۔

شوٹ آؤٹ کی 5،5 پنالٹیز میں دونوں ٹیموں نے 3،3 گول کیے تاہم سڈن ڈیتھ سیشن کی پہلی پنالٹی جرمنی کے کھلاڑی نے ضائع کر دی۔

جس کے بعد پیراگوئے کے کھلاڑی نے گول کرکے ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا اور جرمنی کا سفر ایونٹ میں ختم ہوگیا۔

4 مرتبہ کی عالمی چیمپئن ٹیم جرمنی کو غیر متوقع طور پر شکست ہوئی۔جرمنی کو ورلڈ کپ مقابلوں میں پنالٹی شوٹ آؤٹ پر پہلی مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب جیت کے بعد پیراگوئے کے کھلاڑیوں اور اُن مداحوں نے اسٹیڈیم میں زبردست جشن منایا جبکہ جرمنی کے ڈگ آؤٹ میں مایوسی پھیل گئی اور کھلاڑی افسردہ دکھائی دیے۔

پری کوارٹر فائنل میں پیراگوئےکا مقابلہ فرانس یا سوئیڈن سےہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں