کراچی: پاکستان سپر لیگ میں حیدرآباد کنگزمین کے ہاتھوں شکست کے بعد ملتان سلطانز کے کھلاڑی صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ آج کی غلطیوں کو درست کرکے اسلام آباد کے خلاف تگڑا کم بیک کریں گے۔
بدھ کے روز حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔
ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز اسکور کیے۔اسٹیو اسمتھ نے 106رنز کی اننگز کھیلی اور صاحبزدہ فرحان نے 66 رنز بنائے۔
جواب میں حیدرآباد کنگز مین نے عثمان خان کی شاندار سنچری کی بدولت ملتان سلطانز کا 214 رنز کا ہدف 3 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔
میچ کے بعد صاحبزادہ فرحان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح اسمتھ کھیل رہے تھے تو بڑے اسکور کی امید تھی ، لیکن سامنے والی ٹیم کو بھی کریڈیٹ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ہے کچھ بھی ہوسکتا ہے، سب کچھ بولرز پر نہیں ڈال سکتے ، آج کی غلطیوں کو درست کرکے اسلام آباد کے خلاف تگڑا کم بیک کریں گے ۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ پلیئر اپنے لیے اہداف رکھیں تو سب کچھ ممکن ہے، مجھے انداز ا تھا کہ اپنا اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنا ہے، اس پر کام کیا ، انسان محنت کرے تو سب کچھ ممکن ہے۔
انہوں نے کہاکہ بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے ، پاوور ہٹنگ کی پریکٹس کیلئے گراؤنڈ میں میچ سناریو کے مطابق پریکٹس کر رہا ہوں، اسٹیو اسمتھ کے ساتھ کھیل کر مزہ آرہا ہے۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں کراؤڈ کی کمی بہت محسوس ہوئی لیکن اب شاید عادت ہوگئی ہے، اگر کراؤڈ ہوتی تو اچھا ہوتا۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کے لیے آپ ڈاؤن ہوتا رہتا ہے، پچھلے سال ہی پی ایس ایل میرے لیے کم بیک کا راستہ بنا تھا ،پی ایس ایل کے فوری بعد ریڈ بال میں گریڈ ٹو کھیلوں گا، ون ڈے کرکٹ کی تیاری کیلئے ریڈ بال کھیل رہا ہوں ، پاکستان کیلئے ریڈ بال کرکٹ بھی کھیلنا چاہتا ہوں۔










