کارلوس الکاریز اور ارینا سبالنکا کی انعامی رقم میں بڑی کٹوتی ہوگئی۔
یو ایس اوپن جیتنے پر الکاریز اور سبالنکا کو 5 ۔ 5 ملین ڈالرز کی انعامی رقم ملی تھی تاہم اب ان کی انعامی رقم سے 2 ملین ڈالرز کٹ گئے۔
یہ انعامی رقم اب تک کسی بھی گرینڈ سلم ٹینس کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے جب کہ اب دونوں فاتح کھلاڑیوں کو 5 نہیں 3،3 ملین ڈالرز ملیں گے جب کہ باقی 2 ملین امریکی ٹیکس می کٹیں گے۔
مقامی قوانین کے مطابق تقریباً 6 لاکھ ڈالرز سے اوپر کی آمد پر 37 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے، اس شرح سے انہیں 1.85 ملین ٹیکس کی مد میں ادا کرنا ہیں، کوچز ، ایجنٹ اسپورٹ اسٹاف اور سفری اخراجات کو بھی انعامی رقم میں شامل کیا جائے تو ٹیکس 2 ملین ڈالرز بنتا ہے۔
خوش قسمتی سے امریکا اسپین ٹیکس معاہدے کی وجہ سے الکاریز کو وطن واپسی پر ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑے گا، ارینا سبالنکا بیلا روس کی بجائے اب میامی میں رہائش پزیر ہیں اور انہیں بھی مزید ٹیکس ادا نہیں کرنا پڑے گا۔
2 ملین ڈالرز کی ٹیکس کٹوتی الکاریز اور سبالنکا کے لیے پریشان کن نہیں ہے، چھٹا گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے کارلوس کی کیرئیر آمدنی 53.5 ملین ڈالرز ہو چکی ہے ، ارینا ویمن ٹینس میں سب سے زیادہ کمانے والوں میں چوتھے نمبر پر ہیں اور کیرئیر آمدنی 42.3 ملین ڈالرز ہے۔
ٹاپ ٹینس پلئیرز اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑی ٹیکس فری ممالک مناکو اور بہاماس میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔










