ویسٹ انڈیز کیخلاف مایوس کن پرفارمنس، پاکستان ویمن ٹیم کی سلیکشن کمیٹی تحلیل

ویسٹ انڈین ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایکشن لیتے ہوئے پہلے مرحلے میں ویمن سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی۔

ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کیا اور اس کارکردگی کے بعد پہلے مرحلے میں پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا ہے اور کمیٹی کی از سر نو تشکیل کر دی گئی ہے۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی نئی سلیکشن کمیٹی میں 7 ارکان کو شامل کیا گیا ہے، سابق کرکٹرز عبدالرزاق، اسد شفیق، سابق ویمن کرکٹرز اسماویہ اقبال اور مرینہ اقبال نئی سلیکشن کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ عبوری ہیڈ کوچ پاکستان ویمن کرکٹ محتشم رشید، ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار اور سابق کرکٹر بتول فاطمہ بھی سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں شامل ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے بہترین کوچ کے فوری انتخاب کے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ نئی سلیکشن کمیٹی کو فوری ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے ناخوش ہیں اور جلد ویمن کرکٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں۔

گزشتہ بورڈ مینجمنٹ کے دور میں چار رکنی کمیٹی تھی جس کے چیئرمین سلیم جعفر جبکہ اراکین میں اسماویہ اقبال، مرینہ اقبال اور محتشم رشید شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں