عثمان خان پاکستان سےکھیلنے کے اہل ہوں گے یا نہیں، پی سی بی نے فیصلہ کرلیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیصلہ کرلیا ہے کہ متحدہ عرب اماراتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پابندی کے اعلان کے بعد عثمان خان پاکستان کی قومی ٹیم میں کھیلنے کیلئے اہل ہوں گے یا نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ عثمان خان پاکستان کی قومی ٹیم میں کھیلنے کیلئے اہل ہیں اور وہ کھیلیں گے، عثمان خان سلیکشن کا معاملہ زیر غور ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 9 اپریل کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے میڈیا کو بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے یا نہ آنے کی بات ابھی قبل از وقت ہے تاہم پاکستان میں باہر سے بھی ٹیمیں آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچز کا فیصلہ 15 اپریل تک ہو جائے گا، کوچز کیلئے اشتہار دیا ہوا ہے، 15 اپریل تک انٹرویوز کر کے ان کے ناموں کو فائنل کرلیا جائے گا اس کے ایک دو روز بعد اعلان بھی کر دیں گے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں غیر ملکی کوچز کی دستیابی کا دار و مدار ان کے ساتھ کنٹریکٹ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا آئندہ سیزن بہت مصروف ہے، پہلے آئرلینڈ، انگلینڈ پھر ورلڈ کپ ،بنگلہ دیش، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت جنوبی افریقا کے خلاف بھی سیریز کھیلنی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے پہلے پاکستان میں سہہ فریقی سیریز بھی شیڈولڈ ہے چیمپئنز ٹرافی اور سہہ فریقی سیریز کیلئے ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اماراتی کرکٹ بورڈ ( ای سی بی) کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر ٹاپ آرڈر بیٹر عثمان خان پر 5 سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔

یو اے ای کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھاکہ عثمان خان نے ای سی بی سے غلط بیانی کی اور سہولیات کا فائدہ اٹھایا، وہ یو اے ای سے کھیلنے کے پابند تھے لیکن اب وہ ایسا نہیں کر رہے۔

ای سی بی نے عثمان خان کو سالانہ کنٹریکٹ بھی دیا تھا جبکہ حال ہی میں ہونیوالے آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں وہ امارات کے لوکل پلیئر کے طور پر کھیلے تھے۔

امارات کرکٹ بورڈ کے مطابق عثمان خان نے اس کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں وہ اب یو اے ای بورڈ کے تحت ہونیوالے کسی بھی ایونٹ میں 5 سال تک شرکت نہیں کرسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں