میئر لندن نے ’پاکستان کیلئے کر ڈالو‘ مہم کو معیشت کیلئےاچھا اقدام قرار دیدیا

میئر لندن صادق خان نے جیو نیوز کی مہم ’پاکستان کیلئے کر ڈالو‘ کو معیشت کیلئے بہتر اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں رہنے والوں کو اختلافات کی بجائےاتفاق رائے کو فروغ دینا چاہیے۔

میئر لندن صادق خان نے جیو نیوز پر چلنے والی مہم ’پاکستان کیلئے کر ڈالو‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کیلئے ترجیحات اور پالیسی فیصلوں سے متعلق قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے یہ اچھا اقدام ہے۔

بلدیاتی انتخابات میں اپنی حریف کنزرویٹیو پارٹی کی امیدوار سوزن ہال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی سپورٹر ہیں اور نسل پرست اینک پاؤل کو پسند کرتی ہے۔

میئر لندن صادق خان نے وعدہ کیا کہ وہ کامیاب ہوئے تو فری اسکول میلز کی توسیع کریں گے، کرائے منجمند رکھیں گے اور مزید کونسل کے گھر بنائیں گے، پولیس اور یوتھ کلبس کو فعال بنانے کیلئے مزید سرمایہ کاری کریں گے۔

سیاسی پناہ گزینوں سے متعلق حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روانڈا محفوظ ملک نہیں، سیاسی پناہ گزینوں کو وہاں بھیجنے کا فیصلہ مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی روانڈا پالیسی ناقابل عمل، غیر اخلاقی اور انتہائی مہنگی ہے۔

میئر لندن صادق خان نے غزہ کے حوالے سے یاد دلاتے ہوئے سوال کیا کہ کیا وہ پہلے سیاست دان تھے جس نے غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے آواز اٹھائی تھی؟

انہوں نے برطانوی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اسرائیل کو ہتھیار فروخت نہ کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں