عمران خان کیخلاف القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹرائل سے متعلق وزارتِ قانون نے ایک اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور وزارت قانون و انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وزارت قانون کے اعلامیے کے مطابق احتساب عدالت اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیسز کی سماعت کرے گی۔

خیال رہے کہ القادر ٹرسٹ 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہو گی، کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کریں گے۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست کی جائے گی، عدالت نے بشریٰ بی بی کی ضمانت 29 نومبر تک منظور کی تھی۔

احتساب عدالت توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر بھی سماعت کرے گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے خلاف سائفر کیس جوڈیشل عدالت میں اوپن کرنے کا حکم دیا تھا لیکن آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہےکہ ایس پی اڈیالہ جیل کی سکیورٹی رپورٹ کی روشنی ٹرائل جیل میں ہوگا جس کی اوپن سماعت کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں