پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پرئیذائڈنگ افسر کو دوبارہ بیلٹ پیپر کیلئے درخواست دے دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں شہریار آفریدی کا کہنا تھاکہ میری درخواست پر آر او کو فیصلہ کرنا ہے جس کا انتظار ہے جبکہ وزیراعظم کےاظہاربرہمی سےمتعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کو بیلٹ پیپرکابتایاتوانہوں نے ہی آر او کو درخواست دینے کی ہدایت کی۔
شہریار آفریدی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ تم میرے سب سے بااعتماد اور وفادار ساتھی ہو، تم پر رتی برابر بھی شک نہیں ہے، غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے۔
واضح رہےکہ سینیٹ الیکشن میں شہریار آفریدی نے اپنے بیلٹ پیپر پر دستخط کر دیے جس کے باعث ان کا ووٹ ضائع ہوگیا۔
بعد ازاں اس حوالے سے شہریار آفریدی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو درخواست دائر کی گئی جس میں انہوں نے مؤقف اپنایا کہ کچھ دن سے میری طبیعت ٹھیک نہیں تھی، اس لیے الیکشن کی تیاری کے حوالے سے پارٹی اجلاسوں میں شرکت نہیں کر سکا تھا۔










