بزدار کا ریسکیو 1122 تحصیل ,موٹر بائیک سروس ضلع تک بڑھانے کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہربنس پورہ رنگ روڈ سمیت 5 علاقوں میں ریسکیو 1122سٹیشن کا افتتاح کیا،وزیر اعلیٰ نے ریسکیو1122 سٹیشن کی نقاب کشائی کی اور ریسکیو1122 سٹیشن کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے عملے کی جانب سے ریسکیو کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا،ا نہوں نے فائر بریگیڈ کی گاڑی اور ایمبولینس کا معائنہ بھی کیا۔5نئے ریسکیوسٹیشنز کے قیام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا ریسکیو1122 کا ادارہ قابل فخر کام انجام دے رہا ہے ،ریسکیو1122 پنجاب حکومت کا قابل رشک ادارہ ہے ،ریسکیو1122نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں عوام کی خدمت کی ، قدرتی آفات میں یہ ادارہ سب سے پہلے عوام کی مدد کو پہنچتا ہے ،ریسکیو1122کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک بڑھایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ریسکیو1122موٹربائیک سروس کا دائرہ کار ضلع کی سطح تک بڑھا رہے ہیں جبکہ موٹربائیک سروس کو تحصیل کی سطح تک بھی لے کر جائیں گے ،عوام کی خدمت کے سفر میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے ۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں شعبہ زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے بعض اقدامات میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا دو سال ہو چکے ، محکمہ زراعت نے صرف میٹنگز کیں ،کسانوں کوسہولتوں کی فراہمی کیلئے عملی طور پر پیشرفت نہ ہونے کے برابر ہے ،اب اس سلسلے کو ختم کر کے فوری طور پر پائیدار اقدامات کرنا ہونگے ۔عثمان بزدار نے نیوی ڈے پر ایک پیغام میں کہا8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ نے ازلی دشمن پر اپنی بہادری اور جرات کی دھاک بٹھائی،نیوی ڈے پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کے عظیم کارناموں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے ، پاک بحریہ نے جرأت کی مثال قائم کرتے ہوئے بھارتی نیوی کے مذموم عزائم کو ناکام بنا یا۔عثمان بزدارنے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا خواندگی انسان کے شعور و آگاہی کو جلا بخشتی ہے ، تعلیم ہی واحدکنجی ہے جو انسانی شعور کے بند دریچوں کے قفل کھولتی ہے ،تعلیم کے بغیر انسان معاشی و سماجی ترقی نہیں کر سکتا، تعلیم کی بدولت ہی قومیں دنیا میں عروج حاصل کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت فروغ تعلیم کے ذریعے بچوں کو روشن مستقبل دے رہی ہے اورحکومت پنجاب نے تعلیمی شعبے کو عصر حاضر کے جدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے منظم و ٹھوس پالیسی اپنائی ہے ، پنجاب میں سوفیصد شرح خواندگی ہمارا عزم ہے ،جسے ہر قیمت پر پورا کریں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں