ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر کا فلڈ ریلیف کیمپس گوناعور ، واہنڈو کا دورہ، اہل علاقہ کے مطالبات منظور

نالہ ڈیک کی گہرائی، پشتوں کی مضبوطی کیلئے جاری سکیم کی پیشرفت پربریفنگ دی گئی دیہی مرکز صحت گئیں ، مسائل پوچھے ، مسائل کے حل کیلئے اقدامات کی یقین دہانی
واہنڈو (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر نے فلڈ ریلیف کیمپس گوناعور اور واہنڈو کا دورہ کیا،متوقع سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور شہریوں کوہنگامی صورتحال کے دوران قریبی فلڈ ریلیف کیمپس میں منتقل کرنے کے حوالے سے محکمانہ انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر کامونکی شاہد عباس جوتہ اور ایس ڈی او محکمہ انہار شفقت نے ڈپٹی کمشنر کو نالہ ڈیک کی سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی ۔ اسسٹنٹ کمشنر کامونکی شاہد عباس نے بتایا کہ گورنمنٹ ہائی سکول گوناعور اور سب تحصیل آفس واہنڈومیں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کردیئے گئے ۔ڈپٹی کمشنر کو نالہ ڈیک کی گہرائی، پشتوں اور بندوں کی مضبوطی کے سلسلہ میں جاری سکیم کی پیشرفت اور منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ انہار کے افسروں نے بتایا کہ نالے کی مضبوطی کی جاری سکیم کا زیادہ حصہ مکمل کر لیا گیا اور رہ جانیوالے کام کو ایک ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا جس سے نالہ ڈیک کے اطراف کی آبادیاں مکمل محفوظ ہونگی ۔ ڈپٹی کمشنر نے بعدازاں دیہی مرکز صحت واہنڈو کا بھی دورہ کیا اور وہاں مرکز صحت کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے علاقہ مکینوں سے شہری مسائل بھی دریافت کیے جس پر اہل علاقہ نے ان سے قبرستان کی چار دیواری، روڈ کی مرمت ، فائربریگیڈ کی گاڑی اور قبرستان کیلئے راستے کی درخواست کی جس پر انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں