خاندانی دشمنیوں کے خاتمہ کیلئے ایس ڈی پی او اور ایس ایچ اوز کو مثبت کردار ادا کرنا چاہئے منشیا ت فروشی میں ملوث اشخاص کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا جائے :ڈاکٹرمعین مسعود
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)سی پی او آفس کے کانفرنس ہال میں سی پی او ڈاکٹر معین مسعود کی سربراہی میں انسداد کرائم میٹنگ کاانعقادکیاگیا۔اس موقع پر ڈاکٹر معین مسعود نے کہا کہ ایک پولیس افسر کوپولیس رولزمیں درج قوانین کے مطابق اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں اور تعزیرات پاکستان اور ضابط فوجداری کو سامنے رکھتے ہوئے مقدمات کا اندراج اور تفتیش عمل میں لانی چاہیے ۔کوئی بھی فعل قانون اور آئین سے متصادم نہیں ہونا چاہیے ۔ سی پی او نے مزید کہا کہ خاندانی دشمنیوں کے خاتمہ کیلئے ایس ڈی پی او اور ایس ایچ اوز کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا جبکہ علاقے میں منشیا ت فروشی میں ملوث اشخاص کو گرفتار کر کے انہیں جیل بھجوایا جائے ۔ملزموں کی گرفتاری کیلئے کرائم سین سے ٹھوس شہادتوں کی روشنی میں ملزموں تک رسائی حاصل کی جائے ، اس ضمن میں سنگین مقدمات کی یکسوئی میں فارنزک لیب اور ٹیکنیکل سپورٹ کو لازم قرار دیا جائے ۔انہوں نے ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ تھانوں کے سرپرائز وزٹ کریں اور اشتہاری مجرموں کی گرفتاری مہم کوروزانہ کی بنیادپرخود مانیٹر کریں ۔آخر میں ڈاکٹر معین مسعود نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ایس ڈی پی اوز کو تعریفی خط اور ایس ایچ او ز کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے جبکہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسروں کو شو کاز نوٹس جاری کئے ۔










