سنٹرل جیل میں بند غریب اور مستحق ملزموں کی قانونی امدادجاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیاہے ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی زیر صدارت لیگل ایمپاورمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں 20 نئے وکلا کی فہرست فائنل کرلی گئی ، وکلا کو 10سے 20ہزار روپے حکومت کی جانب سے ادا کئے جائیں گے ، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ، سپرنٹنڈنٹ جیل ، سیکرٹری بار اور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اخلاق احمد بٹ شریک ہوئے ۔ لیگل ایمپاور منٹ کمیٹی کا ماہانہ اجلاس زیر صدارت سیشن جج راؤ عبدالجبار خان منعقد ہوا جس میں جیل میں بند غریب اور مستحق ملزموں کی قانونی امداد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس کے تمام شرکا نے سیشن جج کو یقین دہانی کروائی کہ مستحق ملزموں کی قانونی امداد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے ۔ سیشن جج کو جیل انتظامیہ کی جانب سے قتل اور دیگر سنگین و معمولی نوعیت کے ایسے ملزموں کی فہرست فراہم کی گئی جو مقدمات میں وکیل مقرر کرنے کیلئے فیس ادا نہیں کرسکتے ۔ سیشن جج کو آگاہ کیا گیا کہ قانونی امداد دینے والے 20وکلا کی تین سالہ مدت ختم ہو گئی ہے جس پر سیکرٹری بار اور چیمبر آف کامرس کیسابق صدر اخلاق احمد بٹ کی مشاورت سے نئے وکلا کی فہرست مرتب کر لی گئی ۔ اجلاس کے بعد چیمبر آف کامرس کیسابق صدر اخلاق احمد بٹ نے بتایا کہ نوجوان وکلا کو نئی فہرست میں رکھا گیا ہے جن میں خواتین وکلا بھی شامل ہیں ۔ کمیٹی کے پاس وکلا کو فیس دینے کیلئے فنڈز موجود ہیں اور اگر ختم بھی ہو گئے تو فنڈ دوبارہ جاری کروائے جائیں گے ۔










