نئے سال کے آغاز پرملاوٹ زدہ مرچ مصالحہ جات سے نجات کا جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ۔ آج یکم جنوری سے پنجاب بھر میں کھلے مرچ مصالحوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ۔ ڈی جی فوڈاتھارٹی کیپٹن(ر)محمد عثمان نے کہا کہ پابندی کا قانون جون 2017 میں لایا گیا، 18 ماہ کا بزنس ایڈجسٹمنٹ ٹائم دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق صوبہ بھر میں نئے قانون کے نفاذ سے پہلے مصالحہ انڈسڑی اور تاجروں کو تربیت بھی دی گئی۔
نئے قانون کے مطابق پیکنگ پر اجزا ، وزن، تاریخ اجرا اور مدت استعمال درج کرنا لازم ہوگا۔ہر قسم کی مصالحہ پراڈکٹس پر مینوفیکچرر کمپنی، سپلائر کا نام اور پتہ لکھنا لازمی ہو گا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا ہے کہ کھلے مصالحوں میں مضر صحت اجزا کی باآسانی ملاوٹ کی جاسکتی ہے ۔کھلے مرچ مصالحوں کے خاتمے کے لیے ایکشن پلان بھی تیار کر لیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے آپریشنزٹیموں کو مکمل عمل درآمد کر انے کی ہدایات بھی جاری کر دیں۔ کھلے مصالحوں پر پابندی کا مقصد ملاوٹ مافیا کا خاتمہ کرنا ہے ۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کا لائسنس کینسل کرکے مال ضبط کر لیا جائے گا ۔










