مختلف شہروں کی طرح گوجرانوالہ میں بھی تجاوزات اور غیرقانونی عمارات کی تعمیر کے خلاف آپریشن گزشتہ دس روز سے جاری ہے۔ جی ٹی روڈ اور اس کے اطراف اور مین بازار سے تجاوزات ہٹانے کے بعد آج ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شعیب وڑائچ کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں جی ٹی روڈ پر واقع مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنماء ، موجودہ ایم این اے اور سابق وفاقی وزیر برائے تجارت و دفاع خرم دستگیر خان اور ان کے والد غلام دستگیر خان کا ملکیتی پٹرول پمپ اور سی این جی اسٹیشن مسمار کر نے کیلئے پہنچیں۔ جہاں انہوں نے ہیوی مشینری کی مدد سے پٹرول پمپ اور سی این جی اسٹیشن مسمار کردیا۔ اس موقع پر ہائی وے، میونسپل کارپوریشن، محکمہ گیس، واپڈا سمیت مختلف اداروں کے افسران اپنے عملہ کے ہمراہ موجود تھے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود تھی۔
پٹرول پمپ اور سی این جی اسٹیشن کو مسمار کرنے کا آپریشن آج شام شروع ہوا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد مکمل طور پر اسٹیشن اور پمپ کو مسمار کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کسی بھی دباؤ کے بغیر جاری رہے گا۔










