پاک ایران کشیدہ صورتحال؛ قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کچھ دیر بعد ہوگا

پاکستان اور ایران کے درمیان ہونے والی کشیدہ صورت حال پر قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا اہم اجلاس کچھ دیر بعد شروع ہو گا۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ساڑھے 4 بجے شروع ہو گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت دیگر سروسز چیف شریک ہوں گے، وزارت خارجہ و دفاع کے نمائندے بھی اجلاس کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاک ایران کشیدگی پر بریفنگ دی جائے گی اور ملک میں امن و امان کی صورتحال پر فیصلے ہوں گے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں پاک ایران تعلقات پر اہم فیصلے بھی کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنا دورہ ڈیووس مختصر کر کے گزشتہ روز وطن واپس پہنچے تھے جبکہ یوگنڈا میں موجود نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بھی اپنا دورہ مختصر کر دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں