شدید سردی میں نزلہ زکام سے تحفظ دینے والے قدرتی نسخے، خود بھی جان لیں اور دوسروں کو بھی بتائیں

سردیاں لگ بھگ آ ہی چکی ہیں اور خشک میوہ جات، لحاف، سویٹرز، کوٹ، مفلر، ہیٹرز سب خریدے جارہے ہیں۔ اسی طرح موسم سرما میں غذائی اشیاء کے استعمال کی فہرست بھی تیار کی جارہی ہے۔

ان سب کے ساتھ ساتھ موسم سرما اپنے ساتھ کچھ پریشانیاں بھی لے کر آتا ہے جن میں عام فلو اور نزلہ زکام وغیرہ شامل ہیں۔

ان مسائل سے مقابلے کے لیے بھی چیزوں کو تیار رکھا جانا چاہیے اور یہ باعث حیرت نہیں کہ ٹھنڈ اور نزلہ زکام کے قدرتی نسخہ جات بھی جدید ادویات کی طرح ہی مقبول ہیں جو ان صدیوں پرانے امراض کے علاج کے لیے دی جاتی ہیں۔

اگرچہ کچھ ادویات نزلہ زکام کے دورانیے کو کم اور اس کی روک تھام کا کام کرتی ہیں مگر دیگر سے محض عارضی ریلیف ہی ملتا ہے۔

وٹامن سی میں چھپی مقابلے کی طاقت تاحال مقبول ہے۔ یہ ٹھنڈ کی علامات کی روک تھام کر کے جسم کے دفاعی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔

نزلہ زکام کی روک تھام کے لیے سب سے بہترین ذریعہ مالٹے ہیں۔ ایک سے دو مالٹے روزانہ اتنی وٹامن سی فراہم کرنے کے لیے کافی ہیں جو عام ٹھنڈ کو پھیلنے سے کنٹرول کر سکیں۔

مزیدار گرم سوپ کسی اور موسم کے مقابلے میں سردیوں میں زیادہ پرکشش لگتا ہے، اس کا استعمال سوجن سے آرام دلاتا ہے اور اس کے بعد گرم بستر میں گھس جانا زبردست سکون فراہم کرتا ہے۔

گرم چائے، بہتر تو یہی ہوگا کہ سبز جو آپ کے پسند کے ذائقے میں ہو، گلے کو آرام پہنچانے کے ساتھ آپ کے جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتی۔

کچن میں عام استعمال ہونے والی ادرک کے بارے میں طویل عرصے سے سوچا جاتا ہے کہ وہ جراثیم کے خلاف لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے مگر وہ ٹھنڈ کی بھی روک تھام کرتی ہے۔ ادرک، سبز مرچ، پودینے کے پتوں اور نمک سے تیار کی گئی چٹنی مزیدار اور فائدہ مند ہوتی ہے بالکل ادرک کے اچار کی طرح۔

اسے روزانہ دوپہر اور رات کے کھانوں میں استعمال کرنے سے نزلہ زکام اور ٹھنڈ کو تمام موسموں میں دور رکھا جاسکتا ہے۔ نمکین پانی اور ادرک بھی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

ناک کی رکاوٹ کھولنے کے لیے بھاپ میں سانس لینے کی تلقین کی جاتی ہے۔ کسی برتن میں ابلے پانی کے اندر ایک چمچ کوئی بھی بام شامل کریں، اپنے سر کو تولیے سے ڈھک لیں اور اٹھتے دھویں میں سانس لیں۔ اس سے نہ صرف ناک کی گزرگاہ میں آنے والی رکاوٹ ختم ہوگی بلکہ یہ بہتی اور بند ناک کے لیے بھی ریلیف فراہم کرتا ہے۔ اس کے بعد بستر میں جا کر اچھی نیند کا مزہ لیں۔

نتھنے کے اردگرد اور بچوں کے سینے پر جوہر پودینہ (مینتھول) کو لگانا بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

ہومیو پیتھک نظام اب نباتاتی تھراپی کی جانب پیشرفت کررہا ہے، یہ ان افراد کے لیے اچھا ثابت ہوسکتا ہے جو ایلوپیتھک ادویات سے الرجک ہوں۔

جسمانی درجہ حرارت کو بڑھانا وائرسز کو ختم کر کے ٹھنڈ اور نزلہ زکام سے مقابلے کے لیے ایک قدرتی طریقہ ہے۔ جسم کے زیادہ درجہ حرارت کو ڈاکٹر کے مشورے سے کنٹرول کیا جانا چاہیے۔

ڈاکٹر ایم قدرتِ خدا ماہرِ غذائیت ہیں اور ڈان سنڈے میگزین کے لیے باقاعدگی سے مضامین لکھتے ہیں۔ ان کا یہ مضمون ڈان کے سنڈے امیجز میں شائع ہوچکا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں