محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی ہواؤ ں اور بارشوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہورہا ہے ۔ جس کے باعث ہفتہ سے سوموار تک گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع سمیت وسطی پنجاب میں 200 ملی میٹر تک بارشوں کا امکان ہے۔ شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے ممکنہ طور پر پانی چھوڑے جانے سے وسطی پنجاب کے دریاؤں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہےجبکہ ملحقہ برساتی نالوں میں بھی طغیانی آسکتی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ہفتہ، اتوار اور سوموارتک موسم دریائے راوی، چناب، جہلم اور ستلج کے بپھرنے کی وارننگ جاری کردی ہے۔جس کے بعد گوجرانوالہ ڈویژن کی انتظامیہ اور فلڈ کنٹرول اتھارٹی کو ہائی الرٹ کردیاگیا ہے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کی جانب سے ہفتے سے پیر تک دریائے راوی، ستلج، چناب اور دریائے جہلم کے اطراف کے مکینوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے ۔
شہروں میں نشیبی علاقوں اور تینوں دریاؤں کے کناروں پر آبادیوں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات حکام کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور نارووال میں طوفانی بارشیں ہوں گی۔
Load/Hide Comments