(ن) لیگ سے ڈیڈ لاک نہیں، طے ہوا ہے جہاں جو مضبوط ہو وہی الیکشن لڑے: مصطفیٰ کمال

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہےکہ (ن) لیگ کے ساتھ کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر این اے 242 سمیت کسی بھی نشست پر کوئی ڈیڈلاک نہیں۔

جیونیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ فارمولا یہ طے ہوا ہے جس نشست پر جو جماعت مضبوط ہو وہی الیکشن لڑے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے ساتھ کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر این اے 242 سمیت کسی بھی نشست پر کوئی ڈیڈلاک نہیں، اس حوالے سے مذاکرات جاری ہیں، کاغذات نامزدگی واپس لینے کے مرحلے سے پہلے دونوں جماعتیں حتمی اتفاق رائے تک پہنچ جائیں گی۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کے پاس بلا ہو یا نہیں ، کراچی میں وہ مقابلے میں ہی نہیں ہے ۔

اس بار نہ دھمکی دی ہے نہ دھمکی سنی ہے: خالد مقبول
دوسری جانب کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون میں خواتین کے انتخابی جلسے سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم اپنے حصہ کا انقلاب لا چکے، اب پورے پاکستان کے حصے کا انقلاب لانے کی ذمہ داری لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بار نہ دھمکی دی ہے نہ دھمکی سنی ہے، ہم نے برابری کی بنیاد پر گفتگو کی ہے، جدوجہد کے نتیجے میں 40 دن میں آپ کو جیت ملے گی، 15 سال سے پیپلز پارٹی کو کرپشن کی چھوٹ دی گئی ہے، الیکشن کے ذریعے سلیکشن ہو، سلیکشن کے ذریعے الیکشن نا ہو، 8 فروری پاکستان کو بدلنے کا دن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں