کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے کہا ہےکہ ملک کی حفاظت پر مامور اداروں کوان حالات میں تنقید اور تبصروں کا نشانہ بنانا کسی طرح ملکی مفاد میں نہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک سنگین بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، حالات احتیاط کے متقاضی ہیں اور زبان کے استعمال میں خیال رکھا جائے۔
مرکزی کمیٹی نے کہا کہ تمام ملکی اداروں کو اپنے اپنے دائرے اختیار میں رہ کر کام کرنے کی ضرورت ہے، انصاف کی عدم فراہمی اور عدالتوں کے سیاسی تعلق اور تعصب نے نظام انصاف پر سے پوری قوم کا اعتماد اٹھادیا ہے، ججز اپنے فیصلوں سے پہچانے جاتے ہیں الزامات اور بیانات کے ذریعے نہیں۔
مرکزی کمیٹی کا کہنا ہےکہ ملک کی حفاظت پر مامور اداروں کو ان حالات میں تنقید اور تبصروں کا نشانہ بنانا کسی طرح ملکی مفاد میں نہیں، دفاعی اداروں سے کسی کو کوئی اختلاف یا اعتراض ہے تو اس کو میڈیا پر طے کرنے کے بجائے مناسب راستہ طریقہ اور انداز اختیار کیا جائے، سستی شہرت کے خاطر ملکی مفاد کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔