بالٹی مور حادثہ: غوطہ خوروں نے دریا سے مزید 2 لاشیں نکال لیں

امریکی شہر بالٹی مور میں پیش آنے والے حادثے کے بعد لاشوں کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق فرانسس اسکاٹ کی برج کے انہدام کے بعد دریا میں ڈوبنے والوں کی تلاش جاری ہے اور غوطہ خوروں نے دریا سے مزید 2 لاشیں نکال لی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شپ کے پل سے ٹکرانے کے وقت پل پر تقریباً 8 کنسٹرکشن ورکرز کام کررہے تھے جو پل ٹوٹنے کے سبب دریا میں جاگرے، ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ورکروں کو اسی وقت ریسکیو کرلیا جب کہ مزید 6 ڈوبنے والوں کی تلاش کے لیے غوطہ خور سرچ آپریشن کررہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ڈوبنے والے 6 افراد میں سے 4 کی شناخت بھی کرلی گئی ہے اور جن 4 افراد کی لاشیں اب تک دریا سے نکالی گئی ہیں ان میں سے دو کا تعلق میکسیکو اور گوئٹے مالا سے ہے۔

حکام کا کہنا ہےکہ ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر کارروائیوں کے ساتھ ساتھ حادثے کی تحقیقات بھی کررہے ہیں جب کہ لاشوں کی تلاش کرنے والے غوطہ خوروں کو پانی میں کنکریٹ اور دیگر کچرے کی موجودگی کی وجہ سے سیفٹی مسائل کا بھی سامنا ہے۔

حکام کے مطابق انہیں خدشہ ہےکہ دریا میں ڈوبنے والے مزید 2 افراد کی لاشیں ان گاڑیوں میں موجود ہوسکتی ہیں جو پل ٹوٹنے کے سبب پانی میں گریں۔

دوسری جانب میکسیکو کی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ اس حادثے کے نتیجے میں انہیں قیاس ہے کہ ان کے 2 شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں