جاپانی کمپنی کا بچوں کی بجائے صرف بالغ افراد کیلئے ڈائیپرز تیار کرنے کا اعلان

جاپان میں ایک کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب بچوں کی بجائے بالغ افراد کے لیے ڈائپیرز تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔

جاپان میں بچوں کی شرح پیدائش میں بہت زیادہ کمی آئی ہے جبکہ معمر افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ Oji Holdings نامی کمپنی نے یہ اعلان کیا کیونکہ جاپان میں ایک دہائی سے زائد عرصے سے بچوں کے مقابلے میں بالغ افراد کے ڈائیپرز کی فروخت زیادہ ہو رہی ہے۔

جاپان میں 2023 میں 7 لاکھ 53 ہزار 631 بچے پیدا ہوئے جو 2022 کے مقابلے میں 5.1 فیصد کم تھے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس کی ذیلی شاخ Oji Nepia اس وقت بچوں کے لیے ہر سال 40 کروڑ ڈائیپرز تیار کرتی ہے مگر ان کی فروخت میں 2001 سے کمی آرہی ہے، جب وہ سالانہ 70 کروڑ ڈائیپرز تیار کرتی تھی۔

2011 میں جاپان کی سب سے بڑی ڈائیپر تیار کرنے والی کمپنی نے بتایا تھا کہ بچوں کے مقابلے میں بڑوں کے لیے تیار ہونے والی پراڈکٹ کی فروخت زیادہ ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ جاپان کی 30 فیصد کے قریب آبادی 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر مشتمل ہے۔

Oji Holdings نے یہ بھی کہا کہ ملائیشیا اور انڈونیشیا میں بچوں کے لیے ڈائیپرز کی تیاری کا عمل جاری رکھا جائے گا جہاں مانگ میں اضافے کی توقع ہے۔

جاپان میں معمر افراد کی تعداد میں اضافہ اور بچوں کی پیدائش میں کمی کے باعث آبادی کی تعداد بھی گھٹ رہی ہے جس کے باعث ملک کو بحران کا سامنا ہے مگر صورتحال بہتر بنانے کے لیے حکومتی کوششیں اب تک کامیاب ثابت نہیں ہوئیں۔

شرح پیدائش میں اضافے کے لیے مختلف پروگرامز کا اعلان کیا گیا مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

ماہرین کے مطابق اس کی وجوہات کافی پیچیدہ ہیں، جیسے شادی کی شرح میں کمی آئی ہے جبکہ ملازمت پیشہ خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں