ٹیسوری کو ہٹاکر وفاق نے واضح پیغام دیا ہے کہ انھیں اب ہماری ضرورت نہیں: فاروق ستار

متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی فاروق ستار نے کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹائے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔

ایک بیان میں فاروق ستار نے کہا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ہٹاکر وفاقی حکومت اور وزیر اعظم نے ہمیں یہ واضح پیغام دیا کہ انھیں اب ہماری ضرورت نہیں ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں اب اس مسئلے کو اپنی ریڈ لائن بنانا چاہیے اور فی الفور حکومت کو خیر باد کہہ دینا چاہیے۔

اس سے قبل ترجمان ایم کیو ایم کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وفاق نے گورنر سندھ کی تبدیلی پر اعتماد میں نہیں لیا، ساتھ ہی اس فیصلے پر جلد لائحہ عمل دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے کامران ٹیسوری کو ہٹا کر ان کی جگہ مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ مقرر کر دیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے نہال ہاشمی کی بطور گورنر سندھ تقرری کی منظوری بھی دیدی ہے، نہال ہاشمی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں