آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کمپیوٹر اب تیزی سے عام ہورہے ہیں، مگر ایک ڈیوائس ایسی ہے جسے آپ نظر انداز نہیں کرسکتے کیونکہ وہ بہت چھوٹی ہے۔
یہ ہے ٹائنی نامی کمپنی کا اے آئی پاکٹ لیب سپر کمپیوٹر۔
ہتھیلی کے حجم کا یہ اے آئی سپر کمپیوٹر لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو کے موقع پر پیش کیا گیا۔
اس کمپیوٹر کو دنیا کے سب سے چھوٹے کمپیوٹر کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی حاصل ہے اور اسے مختلف اے آئی ماڈلز پر چلایا جاسکتا ہے۔
پہلی نظر میں یہ پاکٹ لیب ایک پاور بینک لگتا ہے جبکہ اس کے اندر 80 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج موجود ہے۔
آسانی سے جیب میں آجانے والا یہ کمپیوٹر برق رفتاری سے تصاویر تیار کرسکتا ہے، ویڈیو ماڈلز اور لینگوئج ماڈلز پر تیزی سے ردعمل ظاہر کرتا ہے۔
اسے Albersweiler نامی کمپنی نے تیار کیا ہے اور ایک کمپیوٹر کو ہتھیلی کے حجم میں تبدیل کرنا آسان نہیں۔
تھرمل ڈیزائن اور توانائی کی بچت کے باعث یہ اے آئی منی سپر کمپیوٹر کام کرنے کے قابل ہوتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ کمپیوٹر ڈیوائس کے اندر ہی اے آئی پراسیس کو مکمل کرتا ہے اور کچھ بھی باہر نہیں جاتا۔
ابھی بیشتر اے آئی ماڈلز کے لیے کلاؤڈ جی پی یوز کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے لیے بہت زیادہ بجلی کی ضرورت ہوتی ہے، سبسکرپشن فیس اور ڈیٹا کو ایک بیرونی کلاؤڈ سرور میں اسٹور کیا جاتا ہے۔
اس اے آئی کمپیوٹر میں ان تینوں کا حل پیش کیا گیا ہے، یعنی پرائیویسی کا خیال رکھا گیا ہے، کسی بیرونی سرور سے منسلک نہیں جبکہ قیمت بھی کم ہے۔
اس کی ایک ڈیسک ٹاپ ایپ بھی ہے جس میں کوڈنگ سے ناواقف افراد ٹیکسٹ، امیج اور ویڈیوز کے لیے درجنوں اے آئی ماڈلز کو سلیکٹ کرکے چلا سکتے ہیں۔
اسے آئندہ چند ماہ میں کک اسٹارٹر کمپین میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا اور اس کی قیمت 1399 ڈالرز رکھی گئی ہے۔










