گوگل کی جانب سے میپس کے لیے متعدد نئے فیچرز پر کام کیا جاتا ہے تاکہ نیوی گیشن کو بہتر بنایا جاسکے۔
متعدد فیچرز تو ایسے ہوتے ہیں جن کا ڈرائیونگ سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
ایسا ہی ایک نیا فیچر گوگل میپس میں سامنے آیا ہے جو کسی راستے پر پیدل چلنے کے دوران سورج کی روشنی سے ہر ممکن حد تک تحفظ فراہم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
یہ فیچر اس وقت مددگار ثابت ہوگا جب دن میں پیدل چلنے کے دوران سورج کی روشنی میں الٹرا وائلٹ شعاعوں کی سطح زیادہ ہوتی ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے گوگل میپس کے نئے ورژن میں یہ نیا فیچر دیکھنے میں آیا ہے۔
ابھی اس فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے اور اس فیچر کے تحت پیدل چلنے والوں کو ایسا راستہ منتخب کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی جہاں سائے میں چلنا ممکن ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر گوگل میپس کے ٹرپ آپشنز میں پریفر شیڈ کے نام سے موجود ہوگا (جب بھی گوگل کی جانب سے اسے متعارف کرایا گیا)۔
اس فیچر میں بتایا جائے گا کہ کن راستوں میں سایہ ہوگا یا سورج کی روشنی ہوگی، تو یہ سردیوں میں بھی مددگار ثابت ہوگا تاکہ آپ دھوپ کی روشنی میں چہل قدمی سے لطف اندوز ہوسکیں۔
یہ واضح نہیں کہ گوگل میپس میں کیسے اس فیچر کے لیے راستوں کا تعین کیا جائے گا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی اس فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے تو یہ کب تک صارفین کو دستیاب ہوگا، ابھی یہ کہنا بھی مشکل ہے۔










