کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے شہریوں سے چھینے گئے اور چوری شدہ 22 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز سی پی ایل سی کے حوالے کر دیے۔
کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان کے مطابق پولیس اور سی پی ایل سی کے اشتراک سے ریکور کیے گئے 22 لاکھ روپے مالیت کے 145 موبائل فون سی پی ایل سی کے حوالے کیے گئے ہیں، مزید 150 موبائل فون بھی جلد سی پی ایل سی کے حوالے کیے جائیں گے جس کے بعد یہ موبائل فون مالکان کے حوالے کیے جائیں گے۔
محمدرضوان عرفان نے بتایا کہ ایسوسی ایشن اب تک 26 کروڑ روپے مالیت کےچوری شدہ یا چھینے گئے موبائل فونز فروخت کے لیے مارکیٹ آنے پر ریکور کرکے مالکان کے سپرد کرچکی ہے۔
صدر کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پولیس، سی پی ایل سی اور ایسوسی ایشن کے اشتراک سے بنائے گئے سخت ضابطہ عمل کے تحت کسی بھی نئے یا پرانے موبائل فون کی خریداری سے قبل IMEI نمبر اور شناختی کارڈ کی سی پی ایل سی سے تصدیق کرانا لازمی ہے۔
ایس او پی کے تحت کوئی بھی شہری جب اپنا موبائل فون فروخت کرنے آتا ہے تو اس کا آئی ایم اے آئی نمبر سی پی ایل سی کو بھیجا جاتا ہے، اگر وہ موبائل فون چھینا یا چوری کیا گیا ہے تو وہ موبائل فون ہم سی پی ایل سی کے حوالے کر دیتے ہیں۔
محمدرضوان عرفان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایس او پی ابھی صرف کراچی کی حد تک ہے، اگر پورے سندھ میں یہ ایس او پی نافذ ہو جائے تو شہریوں سے چھینے اور چوری کیے گئے مزید موبائل فون بھی ریکور ہو سکتے ہیں۔










