اگر آپ سے دنیا کے امیر ترین شخص کا نام پوچھا جائے تو یقیناً آپ کے ذہن میں سب سے پہلا نام ایکس کے بانی اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کا آئے گا۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ گزشتہ ہفتے اوریکل کمپنی کے شریک بانی اور امریکی صدر ٹرمپ کے قریبی اتحادی لیری ایلیسن دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ان کی پوزیشن پر براجمان ہوگئے تھے؟
بدھ کے روز ڈیٹا بیس سافٹ وئیر کمپنی اوریکل کے شیئرز کی قیمت اسٹاک مارکیٹ میں کلاؤڈ انفرا اسٹرکچر اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس معاہدوں کے سبب 40 فیصد بڑھ گئی، شیئر کی قیمت بڑھنے سے اوریکل کی مارکیٹ ویلیو میں 200 ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا اور لیری ایلیسن دنیا کے امیر ترین شخص ٹھہرے۔
لیکن لیری کے حصے میں آئی یہ خوش نصیبی کچھ دیر کیلئے ہی ان کے پاس رہی جس کے بعد شیئرز کی قیمت گری اور ایک بار پھر ایلون مسک نے لیری ایلیسن سے یہ اعزاز چھین لیا۔
بلوم برگ کی ارب پتی انڈیکس کے مطابق بدھ کے دن ایلیسن کی دولت کا تخمینہ بڑھ کر 393 ارب ڈالر ہوگیا تھا۔
دوسری جانب ایلون مسک کی مجموعی دولت کی مالیت 385 ارب ڈالر بتائی گئی۔
لیری ایلیسن کی 47 سال چھوٹی لڑکی سے 5 ویں شادی
یہ تو تھی دنیا کے خوش قسمت انسان کی کچھ ہی دیر دنیا کا امیر ترین انسان بننے کی کہانی لیکن کیا آپ لیری ایلیسن کی خوش قسمتی کی ایک اور وجہ جانتے ہیں؟
یہ بھی بتاتے چلیں کہ ایلیسن جولن سے شادی سے قبل اپنے ازدواجی تعلقات کی بنا پر خبروں کی زینت بنے رہے ہیں، وہ جولن سے قبل چار شادیاں کرچکے ہیں جو 7 سال سے زیادہ عرصہ نہیں چل سکیں تاہم ان کے ایک اہلیہ سے لیری کے 2 بچے بھی ہیں۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ لیری ایلیسن نے 81 سال کی عمر میں47 سال چھوٹی جولن زو ( زو کیرن ) شادی کرلی ہے، چین میں پیدا ہونے والی 33 سالہ جولن مشی گن یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں، وہ چینی اور انگلش کے ساتھ ساتھ ہسپانوی زبان پر بھی عبور رکھتی ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ 2018 میں مشی گن یونیورسٹی میں ایک ایونٹ کے دوران دونوں کی ملاقات ہوئی جو آہستہ آہستہ رشتے میں بدل گئی، اگرچہ دونوں شخصیات کی شادی کا بااضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تاہم نومبر 2024 میں جولن کو مشی گن یونیورسٹی کی تقریب میں ‘لیری کی بیوی’ سے باضابطہ طور پر پر پکارا جاچکا ہے۔










