کراچی: سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کی صوبائی محتسب کے خلاف درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے گورنر سندھ کو مقررہ مدت میں مونس علوی کی اپیل پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
مونس علوی کی جانب سے صوبائی محتسب کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔
وکیل شکایت کنندہ کی جانب سے عدالتی تجویز پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا گیا کہ مونس علوی کی ہائیکورٹ میں درخواست قابل سماعت نہیں ہے، کسی فورم کی غیر موجودگی میں ہی ہائیکورٹ درخواست سن سکتی ہے۔
وکیل شکایت کنندہ نے کہا کہ مونس علوی کی اپیل گورنر سندھ کے روبرو زیر التوا ہے، اگر مونس علوی ہائی کورٹ میں اپیل چلانا چاہتے ہیں تو گورنرکے روبرو اپیل واپس لیں۔
سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کے وکیل نے کہا گورنر سندھ کے روبرو اپیل پربھی شکایت کنندہ نےکارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے عدالت گورنر سندھ کو مقررہ مدت میں اپیل پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر سکتی ہے۔
وکیل مونس علوی کا کہنا تھا قوانین کے مطابق گورنر نے اپیل پر90 روز میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے، صوبائی محتسب کو کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا اختیار ہی نہیں ہے۔
عدالت نے کہا کہ فریقین تجویز سے اتفاق نہیں کرتے تو دلائل سن کر دائرہ اختیار کا تعین کریں گے۔
سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی محتسب کے فیصلے کو معطل کرنے کے عبوری حکم نامے میں آئندہ سماعت تک توسیع کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔










