ویسے تو انٹرنیٹ پر ہر چیز کو جاننے کے لیے لوگ گوگل کا رخ کرتے ہیں۔
مگر آپ انگلش زبان بولنا سیکھنا چاہتے ہیں تو گوگل اس میں بھی آپ کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔
جی ہاں واقعی اب صحیح معنوں میں آپ کہہ سکتے ہیں کہ انگلش یا کوئی بھی زبان سیکھنی ہے تو گوگل کریں۔
گوگل کی جانب سے گوگل ٹرانسلیٹ میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی 2 نئے فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔
گوگل کے مطابق لوگ اس ٹرانسلیٹ سروس، گوگل سرچ اور لینس یا سرکل ٹو سرچ میں ایک ہزار ارب الفاظ کا ترجمہ کرسکتے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ ان نئے فیچرز کا مقصد صارفین کو لائیو بات چیت میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نئی زبانیں سیکھنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
ان میں سے ایک فیچر لائیو ٹرانسلیشنز کے ذریعے لائیو بات چیت کے دوران ٹرانسلیٹ ایپ میں آن اسکرین تحریری اور آڈیو ترجمہ فراہم کیا جائے گا۔
یہ فیچر انگلش، عربی، کورین، اسپینش اور ہندی سمیت 70 سے زائد زبانوں پر کام کرے گا۔
فی الحال اس فیچر کو امریکا، بھارت اور میکسیکو میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
گوگل نے بتایا کہ اس فیچر سے دوطرفہ بات چیت بالکل قدرتی انداز سے کی جاسکے گی چاہے آپ دوسرے فرد کی زبان نہ بھی جانتے ہوں۔
دوسرا فیچر کسی زبان کو سیکھنے کے حوالے سے ہے جس کا مقصد کسی زبان کو سیکھنے کے خواہشمند افراد کو بولنے کی مشق کرانا ہے یا اس زبان کے الفاظ کو سیکھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
گوگل کے مطابق اس فیچر کے ذریعے آپ جو مشق کریں گے اس سے کسی زبان کو جلد سیکھنے میں مدد ملے گی۔










