سمندر میں گریٹ وائٹ شارک سے سامنا ہونے کا خیال انسانوں کو رونگٹے کھڑے کرسکتا ہے۔
ایسا ہی کچھ آسٹریلیا میں ایک سرفر کے ساتھ ہوا جو خوش قسمتی سے بالکل محفوظ رہا۔
نیو ساؤتھ ویلز کے Cabarita بیچ میں یہ واقعہ سامنے آیا جس کے بعد ساحل کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
ٹوئیڈ شائر کونسل کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ شارک نے سرفر پر حملہ کیا اور وہ خوش قسمتی سے بالکل محفوظ رہا۔
درحقیقت شارک کا حملہ بہت خطرناک تھا اور اس نے سرفر بورڈ کا بہت بڑا حصہ چبا ڈالا اور یہ بورڈ ہی 2 حصوں میں تقسیم ہوگیا۔
18 اگست کو مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 7 بجے سے قبل یہ واقعہ پیش آیا۔
11 بار عالمی سرفنگ چیمپئن رہنے والے کیلی سلیٹر نے ایک انسٹا گرام پوسٹ میں کہا کہ وہ حیران ہیں کہ سرفر کس طرح زخمی ہوئے بغیر بچنے میں کامیاب رہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ اس بات کی مثال ہے کہ میں کھلے سمندر میں تیرنے سے کیوں بہت زیادہ ڈرتا ہوں’۔
جس سرفر کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا اس کا نام براڈ روس تھا اور وہ صبح سویرے سمندر پر سرفنگ کر رہا تھا جب اس کا سامنا شارک سے ہوا۔
اسی ساحل پر 29 جون 2026 کو ایک 16 سالہ نوجوان شارک کے حملے میں زخمی ہوگیا تھا جسے کئی بار کاٹا گیا تھا۔
اس نوجوان نے شارک کو لات مار کر فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی جس نے اس کا کافی دور تک پیچھا بھی کیا۔










