کراچی: سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے فتنہ الخوارج کے تیسرے دہشتگرد کی شناخت مطیع اللہ عرف ابو ناصر کے نام سے کرلی گئی۔
سی ٹی ڈی کے سینئر افسر راجہ عمر خطاب کے مطابق ہلاک دہشتگرد مطیع اللہ خود کش حملہ آور تھا جو کراچی اور اندرون سندھ میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ، بم حملوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان جس مکان میں تھے وہاں سے کچھ ایسے شناختی کارڈز بھی ملے ہیں جن پر نام کسی ایک شخص کا ہے لیکن ان پر تصویر کسی اور شخص کی لگی ہوئی ہے۔
راجہ عمر خطاب نے خدشہ ظاہر کیا کہ اپنی شناخت چھپانے کے لیے دہشتگردوں نے یہ مختلف ناموں اور تصاویر والے شناختی کارڈ بنوا رکھے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب منگھوپیر کے علاقے میں سی ٹی ڈی اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے، دیگر 2 ملزمان کی شناخت زعفران اور شریف اللہ کے ناموں سے ہوئی تھی، دہشتگرد زعفران پر حکومت نے 2 کروڑ روپے انعام بھی مقرر کر رکھا تھا۔










